ضمنی الیکشن، فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی منظور نہ ہوسکے

کراچی :کراچی میں قومی اسمبلی کے 9 حلقوں کے ضمنی انتخابات کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوسرے روز ایم کیو ایم کے فاروق ستار کا فارم تجویز کنندہ کے حلقے کا ووٹر نہ ہونے کی وجہ سے روک لیا گیا. ایک حلقے سے ان کا فارم منظور ہوگیا جبکہ پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر لیلی پروین کے کاغذات مسترد ہوگئے.

مجموعی طور پر 90 سے زائد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں۔ جانچ پڑتال کا مرحلہ 13 فروری تک جاری رہے گا۔

این اے 242 میں 18 امیدواروں اور این اے 243 میں 15 امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیے گئے جبکہ 2 کے فارم مسترد ہوگئے۔ این اے 244 میں بھی 7 امیدواروں کے فارم منظور ہوگئے، این اے 247 میں 4 امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیے گئے جبکہ تحریک انصاف کی سرینہ عدنان کے کاغذات پر فیصلہ پیر کو ہوگا۔

این اے 252 میں 11 امیدواروں، این اے 254 میں 9 جبکہ این اے 256 تمام 17 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار پائے ہیں۔

ہفتے کو جن امیدواروں کے کاغذات منظور ہوئے ہیں ان میں مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر صغیر، تحریک انصاف کے آفتاب صدیقی، نجیب ہارون، مہہ جبیں اور پیپلز پارٹی کے فرحان غنی بھی شامل ہیں۔

شیڈول کے مطابق 13 فروری تک کاغذات کی جانچ پڑتال جاری رہے گی، 16 فروری تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اعتراضات جمع کرائے جاسکیں گے، ان اعتراضات پر فیصلوں کی آخری تاریخ 20 فروری ہوگی۔

21 فروری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی، 22 فروری تک امیدوار دستبردار ہوسکیں گے، 23 فروری کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے جبکہ پولنگ 16 مارچ کو ہوگی۔