یوم پاکستان: کے ڈی اے تمام مستقل و عارضی ملازمین کے لیے بڑی خوش خبری
آباؤ اجداد کی قربانیوں کے صلہ میں ایک آزاد ریاست حاصل ہوئی پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہم سب کو یکجہتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہے۔۔
کے ڈی اے ورک چارج ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، (ممبر فنانس آغا پرویز)
یوم پاکستان کا دن آزادی کی تحریک میں ہمارے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، (سرپرست اعلیٰ نوید انور صدیقی)
برصغیر میں انگریزوں و ہندوؤں نے مل کر مسلمانوں کے ساتھ زیادتیاں کی تھیں جس کے بعد مسلم لیگ کی قیادت میں یوم قرار داد پیش کرکے پاکستان کی بنیاد کو مضبوط کیا، (ممبر لیبر ڈویژن عابد شیخ)
کراچی (رپورٹ: سیدمحبوب احمدچشتی)
کے ڈی اے ایمپلائز یونین کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں جنرل سیکرٹری ایمپلائز یونین دلاور خان، ترجمان عبدالمعروف، سرپرست اعلیٰ نوید انور صدیقی، ممبر ایڈمن کے ڈی اے عبدالقدیر منگی، عابد شیخ ، کے ڈی اے افسران سمیت ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ممبر فنانس آغا پرویز نے کہا کہ آباؤ اجداد کی قربانیوں کے صلہ میں ایک آزاد ریاست حاصل ہوئی۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہم سب کو یکجہتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کے ڈی اے ورک چارج ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اس ضمن میں ممبر ایڈمن عبدالقدیر منگی کی نگرانی میں جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے جس کے بعد ورک چارج ملازمین کو پے رول کی حیثیت دے دی جائے گی۔
کے ڈی اے افسران و ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے مالی بحران پر قابو پالیا گیا، جس کے بعد آئندہ ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی تسلسل کے ساتھ یقینی بنائی جائے گی۔
اس موقع پر نوید انور صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کا دن آزادی کی تحریک میں ہمارے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، ورلڈ بینک سمیت تمام عالمی اداروں نے بتادیا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے تمام راستے کراچی سے نکلتے ہیں، آئندہ برسوں میں سی پیک کا محور گوادر نہیں کراچی ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج کے دن کے ڈی اے ایمپلائز یونین سمیت پاکستان کے تمام مزدوروں کی جانب سے پاک فوج کو خراج پیش کرتے ہیں۔
ترجمان ایمپلائز یونین عبدالمعروف نےاپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن ہم افواج پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہر مشکل وقت میں افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔ ممبر لیبر ڈویژن عابد شیخ نے یوم پاکستان کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں انگریزوں و ہندوؤں نے مل کر مسلمانوں کے ساتھ زیادتیاں کی تھیں جس کے بعد مسلم لیگ کی قیادت میں یوم قرار داد پیش کرکے پاکستان کی بنیاد کو مضبوط کیا۔
’افواج پاکستان کی بدولت آج ہم محفوظ اور سکون کی زندگی گزار رہے ہیں۔ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا لیکن یہاں پر پیپلز پارٹی کی حکومت میں ملازمین اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں‘۔
وزیر بلدیات اور حکومت سندھ سے مطالبہ ہے کہ تنخواہوں سمیت ملازمین کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔تقریب کے اختتام لیبر ڈویژن عابد شیخ، شکیل صدیقی اور ناصر سمیت بہترین خدمات کے عوض انکو ایوارڈز پیش کئے گئے۔

