ماہرہ خان نے فہد مصطفیٰ کو ’’ہاں‘‘ کردی

کراچی سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی شہرتِ یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے فہد مصطفیٰ کو ’’ہاں‘‘ کردی جس کے بعد دونوں کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

واقعہ کچھ یوں پیش آیا کہ دو روز قبل ماہرہ خان فہد مصطفیٰ کے گیم شو میں آئیں اور انہوں نے خوب ہلہ گلہ کیا، فہد مصطفیٰ کے ساتھ ماہرہ کو دیکھ کر ایک مداح سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو شیئر کی اور ماہرہ سے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔

ماہرہ خان نے شو سے واپس آکر اپنا ٹویٹر دیکھا اور صارف کو جواب دیا کہ وہ اسی ویڈیو کے انتظار میں تھیں اور انہیں یقین تھا کہ کوئی نہ کوئی اس لمحے کو ریکارڈ کر کے شیئر کرے گا۔

صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یہ لکھا کہ دونوں کی جوڑی کی کیمسٹری شاندار ہے اب دونوں کو ایک ساتھ فلم میں آنا چاہیے۔ جیتو پاکستان کے اینکر فہد مصطفیٰ نے اس ٹویٹ کا اسکرین شارٹ لیا اور ماہرہ کو مخاطب کر کے پوچھا ہاں یا ناں؟

ماہرہ نے جواب میں ’’ہاں‘‘ کہا جس کا مطلب وہ فہد مصطفیٰ کے ساتھ فلم کرنے پر راضی ہیں اور جلد دونوں ایک ساتھ نظر آسکتے ہیں۔