ماحولیاتی تبدیلی،اقوام متحدہ و پاکستان کا تعاون ضروری،شیری رحمٰن
کراچی: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان کے درمیان تعاون اور شراکت داری ناگزیر ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کو اقوام متحدہ کے انوائرنمنٹ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر ماحولیاتی تبدیلی، سیلاب متاثرین کی بحالی تعمیر نو اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شیری رحمان نے اقوام متحدہ کے وفد کو سیلاب متاثریں، بحالی اور تعمیر نو کے عمل اور چیلنجز متعلق آگاہ کیا۔
انہوں نے لیونگ انڈس منصوبے کو عملی حقیقت میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقوم متحدہ انوائرنمنٹ پروگرام کا مستقل دفتر کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے، بحالی کے عمل میں گرانٹس کی بروقت اور صحیح جگہ منتقلی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان کے درمیان تعاون اور شراکت داری ناگزیر ہے۔ انگر اینڈرسن نے ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لئے وفاقی وزیر کے کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ کام کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔

