مشرف فیصلے پر ردعمل، بار کونسل اور وکلا کا ترجمان کی گفتگو پر ردعمل
پاکستان بار کونسل اور پشاور بار نے مشرف کیس کے فیصلے پر اُن کے سابق ادارے کی جانب سے آنے والے ردعمل پر سخت مؤقف اختیار کرلیا، اطلاعات کے مطابق جسٹس وقار سیٹھ سے اظہار یکجہتی کےلیے پشاور بار میں ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔
پاکستان بار کونسل (پی بی سی) نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کی جانب سے دیے گئے فیصلے پر توہین آمیز تنقید پر اعتراض اٹھادیا۔ ایک اعلامیہ میں کونسل نے کہا کہ اگر کوئی خامی ہے تو اس کے خاتمے کے لیے قانون میں ایک مناسب کورس اور طریقہ کار مہیا کیا گیا ہے لیکن جس طریقے سے فیصلے پر تنقید کی گئی اس سے یہ تاثر گیا کہ عدلیہ سمیت کسی بھی دیگر فورم کے لیے کوئی عزت نہیں تھی۔
بار کونسل کے صدر کا کہنا تھا کہ مشرف کو سزا کے بعد جس انداز سے اعلامیے جاری کیے گئے ایسا لگتا ہے فیصلے میں سب کو ہی قصور وار ٹھہرایا گیا جبکہ ایسا ہرگز نہیں ہے، ایک شخص اور ادارے علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں۔

