یونیورسٹی روڈ ، سوک سینٹر سے سڑک کی تعمیر کا آغاز
کراچی: ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سیف الرحمن نے ایڈمنسٹریٹرشرقی شکیل احمد کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ نزد سوک سینٹر سےسڑک کی تعمیر کاآغازکردیا ہے۔
انہوں نے سڑک کی تعمیرکے معائنے کے دوران معیار اور تعمیر میں استعمال ہونیوالے میٹریل کابھی معائنہ کیا،اس موقع پر میڈیانمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ کراچی کی تعمیر وبہتری کیلئے شب وروز کام کررہے ہیں۔
ڈی ایم سی ایسٹ کے ایڈمنسٹریٹر وافسران شہریوں کی خدمت کیلئے رات گئے تک موجودرہ کرکام کروا رہے ہیں، مذکورہ سڑک ڈی ایم سی شرقی تعمیر کر رہی ہے جس کاکل رقبہ ایک لاکھ 20 ہزار اسکوائر فٹ ہے،کوشش کررہے ہیں کہ ڈی ایم سیز کے ساتھ ملکرشہر کو بلدیاتی مسائل سے نکالا جائے۔
ایڈمنسٹریٹرشرقی نےکہا کہ جب سے چارج سنبھالا ہے صرف یہ کوشش کی ہےکہ ضلع شرقی میں حدود وقیود کی پابندی کے بغیر شہریوں کو سہولیات فراہم کی جائیں اس لئے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے دوران یہ نہیں دیکھ رہے کہ یہ کےایم سی یا کسی اور ادارے کی حدود ہے، ہماراکام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے ۔
ضلعی بلدیات میں پہلی مرتبہ مذکورہ سڑک کی تعمیر میں ملنگ مشین کااستعمال کیاجارہا ہے جو کہ خودکار طریقے سے سڑک کی تہہ نکال کرکارپیٹنگ کرتی ہے جس سے سڑک کی تعمیر معیارکے مطابق ہورہی ہے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ارشدحسن، سپریٹنڈنگ انجنئیر مبین شیخ، سینئیرڈائریکٹر توقیر عباس، سینئیر ایگزیکٹیو انجنئیر امتیاز بھٹو، ایگزیکٹیو انجنئیر بی اینڈ آرجمال عباس، ڈائریکٹرز جام رضوان، زاہد بن خلیل، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ایم، ارشاد علی، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجنئیرراشد فیاض ودیگر بھی موجود تھے۔
