دوست ممالک کا پشاور دہشت گردی پر پاکستان سے اظہار افسوس

اسلام آباد: امریکہ ،برطانیہ ،ایران سمیت کئی مما لک نے پشاور حملے کی شدید مذمت کی ہے۔امریکی سفارتخانہ کے مطابق پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے ہولناک حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، انسداد دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ جرمنی نے پشاور پولیس لائنز مسجد پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔

پاکستان میں متعین جرمن سفیر الفریڈ گریناس کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مذمتی بیان جاری میں کہا ہے کہ پشاور سے موصول شدہ اندوہناک خبر پر شدید اور حیرت انگیز دھچکہ لگا۔

برطانیہ نے پشاور دھماکے کی مذمت کی ہے۔قائم مقام برطانوی ہائی کمشنرنے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پشاور دہشت گردی پر سخت افسوس اور رنج ہوا، تشدد معاملات کا جواب نہیں ہے، لواحقین کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے ۔ ایرانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ایران بہیمانہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ۔

پشاور پولیس لائنز میں دہشتگرد حملہ انتہائی قابل مذمت ہے، ایرانی سفارتخانہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہارکرتاہے ۔