سندھ پولیس کے قیام کو 176 سال ہوگئے، شاندار تقریب کا انعقاد
کراچی: سندھ پولیس کے قیام کے 176ویں سال کے حوالے سے پولیس ہیڈ کوارٹرزگارڈن ساؤتھ میں ایک یادگاری تقریب کا انعقادکیا گیا اس موقع سندھ پولیس میوزیم کا بھی افتتاح کیا گیاجس میں سال1860 سے لیکر ابتک کے سندھ پولیس کے مختلف ہتھیار/اسلحہ بشمول اس زمانے میں پولیس کےذیر استعمال تلواریں،بیجز وغیرہ ودیگرنادر اشیاء کو محفوظ کیا گیا ہے۔
اس پروقارتقریب میں 15سابقہ آئی جیز سمیت 55 حاضر سروس سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے تقریب سے خطاب کے دوران بتایا سندھ پولیس اسوقت کے برٹش انڈیا میں قائم کی جانیوالی پہلی فورس تھی۔جسکا سنگ بنیاد سرچارلس جیمس نیپیئر نے رکھا تھا۔یہ ذیلی براعظم میں پولیسنگ کا ایک نیادورتھا اور یہ اسوقت کی سب سے بڑی فورس تھی۔ آئی جی سندھ نے سندھ پولیس میوزیم کے لیئے پولیس کی تاریخ کی کھوج اوراسے میوزیم کا حصہ بنانے جیسے اقدامات کی تعریف کی اورسراہتے ہوئے ان تمام آئی جیزاوردیگر پولیس افسران وجوانوں کا بھی پرزور الفاظ میں شکریہ ادا کیا جنہوں نے سندھ پولیس میوزیم کے حوالے سے جملہ امورمیں سعود مرزا کا ساتھ دیااوران سے بھرپورتعاون کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پولیس کے قیام کے 176 ویں سال کی مناسبت سے پاکستان بھر میں سندھ پولیس کا دورایک طویل عرصے پر محیط ہے۔انہوں نے کہا سندھ پولیس تقریباً ایک لاکھ پچاس ہزار افسران اور جوانوں پر مشتمل ہے۔صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر کنٹرول اورجرائم میں کمی کے ضمن میں سندھ پولیس نے غیرمعمولی کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔انہوں نےکہا کہ کئی برس گذارنے کے بعدفورس نے اب ایک کمیونٹی کی شکل اختیار کرلی ہے جہاں کمیونٹی پولیسنگ اب سندھ میں پولیسنگ کے لیئے دل کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں سندھ پولیس کے ان افسران اورجوانوں کی قربانیوں کی بھی یاد دلانا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے فرض کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے عوام کے جان ومال کے تحفظ کی خاطر اپنی قیمتی جانیں تک قربان کردیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی سابق آئی جی سیدکمال شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خیبرہختونخواہ پولیس کے ساتھ بیس سال جبکہ سندھ پولیس میں ساڑھے تین سال گذارے لیکن سندھ پولیس کو خیبرپختون خواہ پولیس سے بہتر پایا۔انہوں نے کہاسندھ پولیس کی فرائض سے لگن جانفشانی اورجذبہ انکی سب سے بہترین کوالٹی ہے۔اس موقع پر انہوں نے سندھ پولیس میوزیم کو ایک اثاثہ قرار دیا اور اس قیام کے حوالے سے اٹھائے گئے جملہ اقدامات کی تعریف کی اور سراہا۔ سابق آئی جی سعود مرزا نے اپنےخطاب میں کہا کہ یکم مئی کو سندھ پولیس کے قیام کے 176 ویں سال کے حوالے سے منعقدہ اس تقریب میں شرکت میرے لیئے باعث اعزاز ہے۔انہوں نے اس موقع پر سندھ پولیس کے قیام کے حوالے سے برٹش انڈیا،اسکے سربراہان،اسٹیشن وغیرہ کا تاریخ اور سالوں پر محیط تفصیلی احاطہ کیا اور شرکاء کو سیرحاصل معلومات سے مسفید کیا۔
تقریب سے استقبالیہ خطاب میں ڈی آئی ساؤتھ شرجیل کھرل کا کہنا تھا کہ 176 سالوں میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ سندھ پولیس کے قیام اور اسکی تاریخ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا یے۔انہوں نے بتایا کہ سال 1843 میں اس فورس کو سند (Scinde) کے نام سے جانا جانا تھا۔انہوں نے اس موقع پر سندھ پولیس کی تاریخ اور سندھ پولیس میوزیم میں موجود تاریخی اشیاء/اسلحہ و دیگر تفصیلات کا بھی احاطہ کیا۔

