کراچی: ایک اور کمسن بچہ اغوا، بازیابی کے لیے مظاہرہ، 6 افراد گرفتار ،مقدمہ درج

کراچی: نیو کراچی کے سیکٹر فائیو اے بلال کالونی سے 6 سالہ بچے کو موٹر سائیکل سوار اٹھا کر لے گئے، پولیس کی عدم توجہ پر مکینوں نے احتجاج کیا تو 6 افراد کو گرفتار کر کے مقدمے کا اندراج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوکراچی سیکٹر فائیو ای سے 6سالہ حضیفہ کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا، عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان دوپہر 1:30 کے وقت بچے کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کمسن حضیفہ دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ اہل خانہ نے تھانے کو مطلع کرنے کی کوشش کی تو غیر سنجیدگی دیکھتے ہوئے اہل علاقہ نے احتجاج شروع کیا۔

بچوں کی بازیابی کے لیے ہونے والا احتجاج میں اچانک نامعلوم افراد شامل ہوئے اور انہوں نے پرامن احتجاج کو ہنگامہ آرائی میں تبدیل کردیا، مشتعل افراد نے دکانوں اور ہوٹلوں پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس اہلکاروں کو بھی نہ بخشا۔

مظاہرین کا نیوکراچی 5 نمبر پر کاروبار بند کرانے پر دباؤ بڑھا تو پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔

لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین اندرونی گلیوں میں داخل ہوئے اور انہوں نے پولیس پارٹی پر شدید پتھراؤ کیا جس کے بعد صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے رینجرز کی مدد لی گئی۔

مظاہرین نے دکانوں میں توڑ پھوڑ کی اور  ہوٹل والوں پر تشدد بھی کیا، نامعلوم افراد نے ہوٹل کے ملازم پر گرم تیل پھینکا جس کے باعث اُس کے جسم کا نچلا حصہ جھلس گیا۔

آئی جی سندھ، وزیراعلیٰ سندھ نے عذیفہ کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری بازیابی اور انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔