سینیٹ الیکشن، پی پی کے امیدوار فائنل، ایم کیو ایم رہنماؤں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے جنرل، ٹیکنوکریٹ، خواتین اور اقلیت کی نشستوں پر امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کردیا۔

اگلے ماہ کی دو تاریخ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کیلیے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے ہونے والے الیکشن کیلیے ایم کیو ایم کے امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے چار امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی۔

ایم کیو ایم کی جانب سینٹ الیکشن کے لئے فروغ نسیم، نجیب ہارون، عامر چشتی، ہمایوں عثمان اور رؤف صدیقی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں تاہم پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ حتمی ناموں کا اعلان  کنوینئر خالد مقبول صدیقی کریں گے۔

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ سے سینٹ امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی۔ جنرل نشستوں پر کاظم شاہ ، اشرف جتوئی ، مسرور احسن ، ندیم بھٹو ، سرفراز راجڑ اور دوست علی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ٹیکنوکریٹس کی نشست پر بیرسٹر ضمیر گھمرو اور سرمد علی اور خواتین کی نشستوں کے لئے عینی مری اور روبینہ قائم خانی شامل ہیں۔ اسی طرح اقلیت کی نشست کیلیے پنجھو بھیل کا نام فائنل کرلیا گیا۔