ایم کیو ایم پاکستان کا 40واں یوم تاسیس 17 مارچ کو بھرپور انداز سے منانے کا اعلان
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم ) نے چالیسواں یوم تاسیس 17 مارچ کو پاکستان بھر میں یوم تاسیس منانے کا اعلان کردیا۔
ایم کیو ایم کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 18 مارچ کو یوم تاسیس کا مرکزی اجتماع پی آئی بی کالونی میں واقع کے ایم سی گراؤنڈ میں ہوگا جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں زونز اور پارٹی دفاتر میں بھی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق سینئر رہنما انیس قائم خانی کراچی میں ہونے والے مرکزی اجتماع کی نگرانی کررہے ہیں جس کے لیے انہوں نے کے ایم سی گراؤنڈ پی آئی بی کا دورہ کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا۔
انیس قئم خانی نے یوم تاسیس کے مرکزی اجتماع کی تیاریوں کے حوالے سے ذمہ داران کو ہدایات دیں۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق 17مارچ کو اتوار کی وجہ سے ایک روز قبل یوم تاسیس کا پروگرام منعقد کیا جارہا ہے، پاکستان کے مختلف شہروں، ڈسٹرکٹس اور زونز میں بھی 17 مارچ کو تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 18 مارچ 1984 کو طلبا تنظیم اے پی ایم ایس او ایم کیو ایم کے نام سے وجود میں آئی تھی اور اس نے کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں سیاست کا آغاز کیا تھا۔

