اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسکول نہ جانے والے بچے دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں پاکستان میں اسکول نہ جانے والے بچوں سے متعلق سوال کے جواب میں رانا تنویر نے بتایا کہ پاکستان میں 2 کروڑ 30 لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے۔
قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ حکومت ملک میں شرح خواندگی کی بہتری کےلئے ترجیجی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے اور رواں سال 30جون تک اسلام آباد میں شرح خواندگی کو 100فیصد تک لے جائیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویرنے کہاکہ 30 جون تک اسلام آباد میں سکول سے باہر بچوں کی تعداد صفر پر لانے کا ہدف ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، شیخ روحیل اصغر، غوث بخش مہر، شائستہ پرویز ملک اور نورعالم خان کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ 4 سال کے دوران تعلیم کے شعبے کوبری طرح متاثر کیا مگر موجودہ حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران شرح خواندگی میں بہتری کےلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں جن میں ٹیلی سکول، آن لائن، لرنرپروگرام، سکول آف ویلزسمیت مختلف پروگرام شروع کئے گئے جن سے ملک میں لاکھوں بچے مستفید ہونگے، اسلام آباد میں تقریباً 70 ہزار بچے جو اسکول نہیں جاتے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔ 18ویں آئینی ترمیم میں دستور پاکستان، 1973ء میں متعدد تبدیلیاں متعارف کرائی گئیں۔ وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ انفراسٹرکچر کا شدید فقدان ہے۔