عید کی تیاریاں ! چوڑیاں ،مہندی ،مارکیٹوں میں گہماگہمی، خریدار مہنگائی سے پریشان
کراچی: عید کے قریب آتے ہی لوگوں نے خریداری کیلئے بازاروں، شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کا رخ کرلیا،تاہم مہنگائی کی وجہ سے خریدار اور دکاندار دونوں ہی پریشان ہیں مہنگائی کی ریکارڈ لہرکی وجہ سے عید خریداری کا جوش ٹھنڈا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

بازاروں میں گہماگہمی بہت زیادہ ہے دکانداروں کا شکوہ ہے کہ خریدارکم آشیاء کے ریٹ معلوم کرنے والے زیادہ ہیں۔کراچی کے بازاروں میں خریداروں کاہجوم ہے لیکن دکانداروں کا کہنا ہے کہ عیدسیل کا ہدف پورا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے، مہنگائی آڑے آرہی ہے۔مہنگائی کی وجہ سے خریداربڑے تجارتی مراکز کی بجائے سستے اورچھوٹے تجارتی مراکزکا رخ کرہے ہیں۔

عید خریداری کی وجہ سے کراچی میں بازاروں کی رونقیں دوبالا ہوچکی ہیں،رات گئے مارکیٹوں میں خریداروں کا رش لگا ہے، دکانداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے تو لوگوں کی کمر توڑ دی ہے،بازار میں کوئی خریدار نہیں،کاروبار میں بچت نام کی چیز ختم ہو گئی ہے۔
ریڈی میڈ گارمنٹس کی سب سے بڑی مارکیٹ صدر کوآپریٹو مارکیٹ جبکہ ریڈی میڈ مردانہ سوٹ صدر،طارق روڈ،کلفٹن،بولٹن ماررکیٹ،ڈیفنس،حیدری،لیاقت آباد،کریم آباد،کورنگی،ملیر،لانڈھی،شاہ فیصل،لسبیلہ،،پاپوش ناظم آباد،نارتھ کراچی،اورنگی ٹان،گلستان جوہر،گلشن اقبال،نیوکراچی سندھ ہوٹل اوردیگر علاقوں کی مارکیٹوں اور بازاروں میں فروخت کے لیے موجود ہیں۔

حیدری مارکیٹ میں عیدکی خریداری کرنے والے والدین کا کہنا ہے کہ عیدکے موقع پربڑوں کے مقابلے میں بچوں کے ملبوسات زیادہ بنائے جاتے ہیں اوران ملبوسات کی مناسبت سے جوتے ودیگراشیاکی خریداری کرناایک دن کاکام نہیں اسی لیےرمضان کے دوسرے عشرے کے بعدسے روزانہ ہی افطارکے بعدکسی نہ کسی بازارکاچکر ضرور لگاتے ہیں تاکہ بچوں کے لیے اچھے سے اچھے کپڑے اور جوتے تلاش کیے جاسکیں،عیدکی تیاریوں میں مصروف بچوں کی فرمائشوں کی لسٹ لمبی ہونے کے سبب بازاروں میں بچوں کے ملبوسات اور جوتے کی دکانوں پرگاہکوں کارش سب سے زیادہ ہے۔

