پی پی نے کراچی کی 11یوسیز کی تمام نشستوں پر الیکشن لڑنے کااعلان کردیا

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے بلدیاتی انتخابات میں 11 یونین کونسلز میں ہونے والے انتخابات میں تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سے صاف و شفاف مردم شماری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

کراچی میں ملتوی شدہ 11 یونین کونسل پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سےپیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کی ملتوی شدہ تمام گیارہ یوسیز پر ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔

اجلاس میں صوبہ سندھ میں جاری مردم شماری کے حوالے سے تمام اضلاع کے پیپلز پارٹی عہدیداروں نے تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں صوبائی اور وفاقی حکومت سے مردم شماری پر پارٹی کے تحفظات کے حوالے سے آگاہی کا فیصلہ کیا گیا۔

سعید غنی نے کہا کہ ہم نے پہلے روز ہی تحفظات کا اظہار کیا تھا،مردم شماری سے قبل خانہ شماری مکمل نہیں کی گئی تھی۔حقیقی مردم شماری سندھ کے عوام کو وفاق سے ملنے والے حصہ کے لئے ضروری ہے۔اجلاس میں 4 اپریل کو بانی پیپلزپارٹی ذوالفقار بھٹو کی برسی کو کراچی بھر کے تمام اضلاع کی سطح پر منانے کے حوالے سے بھی غور و خوض کیا گیا۔