کراچی :سی ٹی ڈی سول لائن کا منگھو پیر کراچی پولیس آفس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ساتھی سمیت مارا گیا دیگر 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے خودکش جیکٹ ، مختلف ہتھیار اور دو موٹرسائیکلیں برآمد کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر منگھو پیر کے علاقے مائی گاڑی مزار کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کی ۔
پولیس پارٹی انتہائی خاموشی سے علاقے میں داخل ہوئی تاہم دہشت گردوں کو پولیس کی بہنک پڑ گئی جس پر دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ۔
پولیس نے بھی اپنی جان بچاتے ہوئے مورچہ بند ہو کر دہشت گردوں پر جوابی فائرنگ کی ، فائرنگ کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا ، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے 2 دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی طارق نواز کے مطابق ہلاک کیے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت 23 سالہ عبد الوحید ولد سیف ملک اور 26 سالہ اریاد اللہ ولد گل قادر خان کے نام سے کی گئی ۔
ہلاک اور گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے ، دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ ، پانچ چھوٹے بڑے ہتھیار اور 2 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں ۔
خودکش جیکٹ کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا ۔
مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشیں پولیس کارروائی کے لیے سول اسپتال جبکہ گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔