خالد مقبول کا وفد کے ہمراہ انجمن ترقی اردو پاکستان کا دورہ

کراچی :کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نےاپنے وفد کے ساتھ انجمن ترقی اردو پاکستان کا دورہ کیا۔

اس موقع پر صدرِ انجمن واجد جواد نے انھیں انتظامی امور پر بریفنگ دی انجمن میں شائع ہونے والے شش ماہی تحقیقی مجلے” اردو” اور ماہنامہ قومی زبان کے علاوہ کتابوں ، مقالوں اور تقریبات کے بارے میں آگاہ کیا۔ مزید برآں مخطوطات کی ڈیجیٹائز یشن اور اردو کو ڈیجیٹل دنیا سے کے ہم آہنگ کرنے کے لیے NED یونیورسٹی کے ساتھ OCR پراجیکٹ کے علاوہ اردو یونی ورسٹی کے معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔

اردو لغت بورڈ کے حوالے سے کئ نکات پہ سنجیدگی سے غور کیا گیا ۔ انہیں تجویز دی گئی کہ وہاں کے انتظامی امور انجمن ترقی اردو کے سپرد کیے جائیں تاکہ اردو کو بین الاقوامی طور پر جدید خطوط پہ ڈیجیٹل طریقے سے فروغ دیا جاسکے اور وہاں کے مسائل کا سد باب کیا جاسکے۔

خالد مقبول صدیقی نے مخطوطات کی ڈیجیٹائزیشن میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منفرد اور اہم کام ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ انجمن ترقی اردو پاکستان نے اردو کی نشر و اشاعت اور فروغ کے لیے جدید طریقے اپنائے ہیں جو وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اردو یونیورسٹی کے سلسلے میں وزیر تعلیم سے بات کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زبان کسی بھی قوم کی شناخت ہوتی ہے اور اردو ہماری زبان بھی ہے اور پہچان بھی۔ ہم نے بڑی قربانیوں سے اپنی شناخت تسلیم کروائی ہے۔ اردو کی ترقی کا سب سے پہلا ادارہ1903 میں قائم ہوا جو آج احسن طریقے سے اپنا کام سرانجام دے رہا ہے، اسے ہمیشہ قائم و دائم رہنا چاہیے۔

انھوں نے انتظامی امور کو سراہتے ہوئے اردو کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی یقین دلانے کروائی۔