2 سال 9 ماہ میں پولیو کا کیس رپورٹ نہیں ہوا، ڈاکٹر عذرا پیچوہو
کراچی: وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہےکہ سندھ میں پولیو مہم بہتر انداز سے چل رہی ہے، 2 سال 9 ماہ میں کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے یہ بات سندھ سیکریٹریٹ میں ٹاسک فورس کے اجلاس میں کہی، جس کی مشترکہ صدارت چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت اور وزیر صحت نے کی، اجلاس میں کمشنر کراچی اقبال میمن، سیکریٹری صحت ذوالفقار شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن، کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر، سی او پی پی ایچ آئی اور روٹری انٹرنیشنل کے نمائندوں نے شرکت کی کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پیر سے پولیو مہم شروع ہوگی، والدین 5 سال تک کے بچوں کو قطرے پلائیں، والدین کی رضا مندی کو مزید موثر بنایا جائے، چیف سیکریٹری سندھ نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ اہداف کو 100 فیصد حاصل کیا جائے، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس اور رینجرز کے تعاون سے بس اسٹینڈز اور ریلوے اسٹیشنز پر پولیو قطرے پلائے جائیں گے، پولیو ٹیموں میں اضافہ کریں گے، کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ 13 مارچ سے 19 مارچ تک 16 اضلاع میں 41883 فرنٹ لائن ورکرز 56 لاکھ بچوں تک پہنچیں گے، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے سیکورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں WHO اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور انسداد پولیو مہم کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

