کراچی : تبلیغی اجتماع اختتام پذیر،کامران ٹیسوری،خالد مقبول،رئوف صدیقی کی بھی شرکت
کراچی: تبلیغی جماعت کے تحت اورنگی ٹاؤن میں چارروزہ کراچی اجتماع رقت آمیزدعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا.اجتماع کے آخری روز ہونے والی اجتماعی دعا میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری, ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،سینئر ڈپٹی کنوینرمصطفی کمال، رکن رابطہ کمیٹی رؤف صدیقی ملک کی ترقی و خوشحالی،ترقی و سلامتی کے ساتھ ساتھ شہر کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
اختتام پرمولانا عبید اللہ خورشید دعا کرائی کہ یااللہ امت مسلمہ کے گناہوں کو معاف فرمادے،امت مسلمہ کو آفات سے محفوظ فرما،تمام امت کی حفاظت فرما،ہماری تمام جائزمشکلات و حاجات کو حل فرما،بیماریوں سے محفوظ فرما جو بیمار انکو شفاء عطا فرما۔مرحومین کی مغفرت فرما،ہمیں نمازکا پابند بنادے،یااللہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنادے،پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن فرما،ہماری توبہ کو قبول فرما۔
دعا سے قبل اپنے خصوصی بیان میں مولانا عبید اللہ خورشید نے کہا کہ آج مسلمانوں پرمشکلات اس لیے آرہی ہیں کہ ہم نے اپنی زندگی میں رسول ﷺ کی سنتوں پرعمل کرنا چھوڑدیا،آج ہم دوبارہ توبہ واستغفارکرتے ہوئے اس بات کا عہد کریں کہ ہم اپنی زندگی کو دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق گزاریں گے،نماز کی پابندی کریںگے۔رزق حلال کمائیں گے۔
دین اسلام کی تبلیغ کریں گے،آخرت کی تیاری کریںگے.انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پرعمل درآمد سے ہی تمام مشکلات کا حل ممکن ہے،اسلام امن کا دین ہے،اپنی زندگی میں نفرتیں ختم کریں،بھائی چارگی،امن اوراخوت کے پیغام کو عام کریں،غریب،یتیم اورمساکین کی مدد کریں،دین اسلام کے مطابق تمام حقوق ادا کریں،اسلام کے احکامات پرعمل کرکے ہم دنیا وآخرت میں سرخرو ہوںگے.
منتظمین نے کہا کہ اجتماع کے انعقاد میں بھرپورتعاون پر گورنرسندھ اورایڈمنسٹریٹرکراچی کے مشکور ہیں۔
اجتماع کے اختتام پر ایم کیوایم پاکستان کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر داخلہ و صنعت وتجارت رئوف صدیقی نے کہاکہ ان نامساعد حالات میں اُمت مسلمہ کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔اللہ اُمت مسلمہ خصوصاً پاکستان پر اپنا خاص کرم فرمائے۔ انہوں ںے کہاکہ ملک کو خاص قسم کے معاشی چیلنجز سے نکلنے کےلئے خصوصی دعائوں کی ضرورت ہے، روحانی اجتماعات کراچی کی پہنچان،تبلیغی اجتماع ایشا کے بڑے اجتماعات میں شمار ہوتاہے۔

