پاکستان میں مینو فیکچرنگ بڑھنے کے بعد موبائل فون کی درآمد میں کمی

کراچی : پاکستان میں مینو فیکچرنگ بڑھنے کے بعد موبائل فون کی درآمد میں کمی آ گئی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، چینی کمپنیاں 2022 میں پاکستان میں ٹاپ ٹین فون مینوفیکچررز کی فہرست میں شامل ہیں اورچینی کمپنیوں نے 2022 میں پاکستان میں مقامی طور پر تیار کیے گئے 21.94 ملین فونز کا ایک بڑا حصہ تیار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی ٹیل موبائل پاکستان مسلسل دوسرے سال 3.03 ملین یونٹس کے ساتھ فہرست میں سب سے اوپر موبائل فون بنانے والی کمپنی رہی ۔کمپنی نے مقامی طور پر 3.03 ملین سیٹ تیار کیے جبکہ اسی چینی کمپنی نے 2021 میں 4.40 ملین یونٹ تیار کیے تھے۔ 2020 میں مذکورہ ادارہ 0.34 ملین موبائل سیٹ کے ساتھ ٹاپ ٹین مینوفیکچررز کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر تھا۔

2021 میں یہ مقامی مینوفیکچررز کی فہرست میں سرفہرست رہا اور 2022 میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔پی ٹی اے کے مطابق بڑھتی ہوئی مقامی مینوفیکچرنگ کی وجہ سے تجارتی طور پر درآمدی سیٹس کی تعداد میں بہت زیادہ کمی آئی ہے 2020 میں، پاکستان نے 24.51 ملین فون سیٹ درآمد کیے جو 2022 میں کم ہو رک محض 1.53 ملین رہ گئے۔