حافظ نعیم نے حکمرانون کو بیرونی ایجنٹ قرار دے دیا

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہےکہ بیرونی ایجنٹ حکمرانوں نے مسائل کا حل اور بدحال معیشت کی بہتری کا علاج IMF اور امداد سے منسلک کردیا، حکومت شاہ خرچیاں کم کرنے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے، وفاقی حکومت نے 178 لگژری گاڑیاں منگوائیں اور77 رکنی جہازی کابینہ کا بوجھ کم کرنے پر تیار نہیں، پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا، وزیر، مشیر اور بیورو کریٹس کے اخراجات کم نہیں کئے جارہے، حکومت فوری صنعتکاروں کا اجلاس طلب کرے اور پورٹ پر پھنسے کنٹینرز کلیئر کرائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا، اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر ریاض الدین، ایف بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری سہیل، کاٹی کی سینئر نائب صدر نگہت اعوان و دیگر بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ کنٹینرز پھنسنے سے بحران پیدا ہوگیا، صنعتیں و پیداوار شدید متاثر ہورہی، گیس کا پہلا حق سندھ کا ہے، سندھ کو یہ حق دیا جائے، حکمران بیرونی طاقتوں کے غلام ہیں، اس لئے تیل اور گیس کے ذخائر ایکسپلور نہیں کرتے، کراچی میں رہائشی علاقوں کا پانی صنعتوں کو اور صنعتوں کا پانی رہائشی علاقوں کو دیکر کام چلایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے پانی کا کوٹہ بڑھایا جائے، کے فور کو جلد مکمل کیا جائے، وزیر خزانہ بتائیں ملک بحران سے کیسے نکل سکتا؟ شپنگ کمپنی کے ڈیمریج کون ادا کرے گا؟ کنٹینرز میں ادویات کا خام مال، خوراک سمیت دیگر اشیاء موجود ہیں، جن کے خراب ہونے کا خدشہ ہے، انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک IMF سے براہ راست ہوگیا، بحران میں اسٹیٹ بینک راہ فرار اختیار کررہا ہے، وزیراعظم کیا کررہے ہیں؟۔