پشاور دھماکے میں شہدا کی تعداد100 ہو گئی
۔پشاور: پولیس لائنز میں واقع مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں شہید افراد کی تعداد 100 ہو گئی۔ریسکیو ادارے کے ترجمان کے مطابق رات 12 سے اب تک 24شہداء کے جسدِ خاکی اور ایک زخمی کو ملبے سے نکالا گیا ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق اسپتال میں اب تک 83 لاشیں لائی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق اسپتال میں دھماکے کے 55 زخمی زیرِ علاج ہیں۔
شہداء میں ڈی ایس پی عرب نواز، 5 سب انسپکٹرز، مسجد کے پیش امام اور ملحقہ پولیس کوارٹر کی رہائشی خاتون بھی شامل ہیں، دھماکے کے بعد ریسکیو کارروائیاں رات میں بھی جاری رہیں۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مسجد کے ملبے تلے اب بھی متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، بھاری مشینری سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، پاک فوج کے ریسکیو دستے بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان کا کہنا ہے کہ دھماکا بظاہر خودکش حملہ لگتا ہے، مبینہ خودکش حملہ آور کا سر بھی مل گیا ہے، ریسکیو آپریشن کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا-
کالعدم ٹی ٹی پی دھماکے کی ذمے داری قبول کر چکی ہے۔

