سینٹرل جیل کے قریب سلنڈر دھماکے سے آتشزدگی، 4 افراد زخمی
کراچی:سینٹرل جیل کے قریب سلنڈر دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس میں 4 افراد جھلس گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جمشید روڈ پر سینٹرل جیل کے سامنے مکینک کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سےدھماکا ہوا، جس کی آگ نے 4 دکانوں، ایک رہائشی فلیٹ اور 2 کاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعے میں 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ فائربریگیڈ کی 3 گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
آتش زدگی کے نتیجے میں جھلس کرزخمی ہونے والے دکان کے ملازمین اور چوکیدارکو سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔دھماکے کی آوازاتنی زوردار تھی کہ دکان کے اوپرفلیٹوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق مکینک کی دکان میں گیس سلنڈررکھا ہواتھا،جو زورداردھماکے سے پھٹا اورآگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کی آوازسن کر بڑی تعداد میں لوگ گھروں سے نکل آئے۔دکان میں سلنڈر پھٹنے سے لوہے کے ٹکڑے دکان کے اوپر واقع رہائشی فلیٹ اورسڑک کے دوسری طرف آئل کی دکان میں جا گرے،جس سے وہاں بھی آگ لگ گئی۔آتشزدگی کے وقت حفاظتی اقدامات کے تحت کے الیکٹرک کے عملے کی مدد سے متاثرہ عمارت کی بجلی منقطع کروا دی گئی تھی۔
آگ لگنے کے نتیجے میں مکینک کی دکان کے باہرکھڑی 2 کاریں مکمل طور پرتباہ ہوگئیں جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا تھا، جنہوں نے بعد ازاں چیکنگ کے بعد کلیئر قراردیا۔زخمیوں کی شناخت 30 سالہ عمران ولد موسیٰ ،29 سالہ عثمان ولد مظہر حسین، 45 سالہ معین ولد جعفراور28 سالہ تیمور ولد جمشو کے نام سے ہوئی ہے۔
سلنڈر دھماکا
