کراچی : منشیات فروش خاتون گرفتار،3 کلو سے زائد چرس برآمد

کراچی: تھانہ ٹیپو سلطان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کرکےساڑھے تین کلو سے زائد منشیات برآمدکرلی ہے۔

ایس ایس پی شرقی رحیم شیرازی کے مطابق ملزمہ ناہید کو پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں چنیسر ہالٹ ریلوے پھاٹک سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمہ مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث رہی ہے،گرفتاری کے وقت ملزمہ منشیات سپلائی کرنے جا رہی تھی۔

ایس ایچ او کے مطابق گرفتار ملزمہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں منشیات سپلائی کے دھندے میں اور بھی کئی خواتین ملوث ہیں جواپنی شناخت چھپانے کے لیےبرقعہ کا سہارا لیتی ہیں۔ملزمہ نے انکشاف کیا کہ دلشاد عرف مامی نامی عورت منشیات فروش خواتین کے گروہ کی سرغنہ ہے اورملزمہ برآمد ہونے والی چرس دلشاد اور مامی کے اڈے سے لے کر سپلائی کیلئے جا رہی تھی۔

ملزمہ کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کرکے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔