عمران نے ملک کومعاشی طورپرکنگال کرکے رکھ دیا،عبدالغفورحیدری
کراچی : جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹرمولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے خطرناک سرنگیں بچھاکرملک کو معاشی طورپرکنگال کرکے رکھ دیا تھا،پی ڈی ایم نے ایوان میں عددی اکثریت کے بعد اقتدارکو چیلنج سمجھ کرقبول کیا،اتحادی حکومت حالات سدھارنے کیلئے کوشاں ہے،عوام کو ریلیف فراہم کرنیکی ہرممکن کوشش جاری رہیگی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ اسلامیہ محمودیہ نئی سبزی منڈی کراچی میں جے یوآئی کے بزرگ رہنما مولانا ڈاکٹرنصیرالدین سواتی کی رہائشگاہ پرانکی بھابھی اورجے یوآئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کی چچی کے انتقال پرتعزیت کے بعد ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پرصوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد،بابرقمرعالم،مولانا ضیاء الدین سواتی،قاری راحت اللہ میدانی،قاری طلحہ زبیرسواتی،حافظ عبدالمالک بروہی،قاضی فضل ہادی،حافظ زین العابدین جلالی،قاری عبدالخالق لانگو،مولانا کلیم اللہ،قاری لعل محمد،مولانا سعیداللہ حقانی بھی موجود تھے۔
جمعیت علماء اسلام ضلع غربی کے سیکریٹریٹ پختون آباد منگھوپیرمیں ضلعی امیرمفتی خالد ودیگر نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کی مبارکبادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹرمولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ جے یوآئی نمائندوں کا سرخرو ہونا نیک شگون ہے،ہمیں عوامی مسائل اور مشکلات کا ادراک ہے۔
انہوں نے معروف عالم دین اور جامعہ مفتاح العلوم منگھوپیرجاکرجامعہ کے بانی اورجے یوآئی کے سینئررہنما مولانا عبدالکریم نالوی کے انتقال پرانکے صاحبزادے مولانا فداء الرحمن اورمولانا عبدالصمدنالوی سے تعزیت کی۔

