کراچی چیمبر نے کنٹینرز کی کلیئرنس کیلئے تفصیلات جمع کرا دیں

کراچی : اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تکمیل کے لیے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بندرگاہ پر پھنسے کل 5 ہزار 700 میں سے 2 ہزار 500کنٹینر کی فوری کلیئرنس کے لیے تفصیلات جمع کروا دی ہیں۔

بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈیجیٹل فائلنگ کے لیے فراہم کردہ طریقہ کار کے مطابق بندرگاہ پر پھنسے صنعتی خام مال اور ضروری اشیا کے کنٹینر کی تفصیلات مرتب کی جارہی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ 18 جنوری کو گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے ساتھ دورہ چیمبر کے دوران ہونے والی مفاہمت کے مطابق 23 جنوری سے کنٹینر کی کلیئرنس ہونا شروع ہوجائے گی۔انہوں نے اسٹیٹ بینک کےسربراہ سے فوری کارروائی کی دوبارہ درخواست کی کیونکہ کاروبار کو شدید بحران کا سامنا ہے۔

زبیر موتی والا نے بتایا کہ 23 جنوری کو وزیر تجارت، کسٹم اور بندرگاہ کے حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں درآمدکنندگان کو سہولت فراہم کرنے اور دیگر لیوی اور اخراجات کے علاوہ فوری کلیئرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔