لبنانی ارکان پارلیمنٹ کا انوکھا احتجاج، رات ایوان میں سو کر گذاری
دوحہ : لبنان کے دو ارکان پارلیمنٹ نے احتجاجاً رات ایوان میں سوتے ہوئے گذاری۔ ان کا یہ احتجاج ملک میں نئے صدر کے انتخاب کے حوالے سے جاری تعطل کے خلاف تھا۔
لبنانی پارلیمنٹ نیا لبنانی صدر منتخب کرنے میں مسلسل ناکام ہے اور دو دن پہلے 11 ویں بار اس سلسلے میں ناکام ہوئی ہے۔
بد ترین معاشی بد حالی سے دوچار ملک میں سیاسی افراتفری کا یہ سلسلہ بھی پرانا ہے۔ اس صورت حال کے خلاف دو ارکان پارلیمنٹ نے انوکھا احتجاج کیا اور پارلیمنٹ میں سونے کا اعلان کر دیا۔
ایک احتجاجی رکن نجات صلیبا نے اس بارے میں اپنے وڈیو بیان میں کہا ‘ہم یہاں سوئے۔ ہم امید کرتے ہیں آج ہمارے لبنان کے لیے ایک اچھی صبح طلوع ہو گی۔
ان کے ساتھ احتجاج میں شریک دوسرے رکن پارلیمنٹ ملحم خلف نے کہا ‘ہم لبنان کو بچا سکتے ہیں ۔’ لبنان جہاں پچھلے اکتوبر سے صدر کا عہدہ خالی ہے اور حکومت نگران کے طور پر کام کر رہی ہے۔
خلف نے اپنے بیان میں کہا ان کا رات کو پارلیمنٹ میں ٹھہرنا اس لیے بھی تھا کہ وہ پارلیمنٹ کے سیشن کو جاری رکھنا چاہتے تھے تاکہ نئے سربراہ ریاست کا فوری انتخاب عمل میں لایا جائے۔

