لانڈھی میں 4 بچوں کے باپ کو گھر میں گھس کر قتل کر دیاگیا

کراچی: لانڈھی لالہ آباد کے رہائشی 4 بچوں کے باپ کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر سوتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے ۔

مقتول انڈس سیکیورٹی کمپنی کا ملازم تھا ۔ تفصیلات کے مطابق سکھن کے علاقے لانڈھی لالہ آباد ایریا ون سی کچی آبادی بسم اللہ مسجد کے قریب گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ عطاء اللہ ولد بہادر علی کے نام سے کی گئی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ زاتی دشمنی کا نتیجہ ہے تاہم پولیس تحقیقات کر رہی ہے ۔

مقتول کی اہلیہ کے کزن مبشر نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا عطا اللہ 4 بچوں ایک لڑکی اور 3 لڑکو کا باپ تھا ، آبائی تعلق اندرون سندھ پنو عاقل سے تھا ، انڈس سیکیورٹی کمپنی میں بطور سیکیورٹی گارڈ ملازم تھا ، عطا اللہ کچھ روز قبل اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ پنو عاقل گیا تھا اور بدھ کی صبح تقریباً 6 بجے گاؤں سے واپس کراچی آیا تھا ، مقتول دن کو تین بجے ڈیوٹی پر کورنگی میں واقعے انڈس اسپتال گیا تھا جہاں سے رات ساڑھے گیارہ بجے واپس آیا اور بیوی بچوں اور ساس کے ساتھ کھانا کھا کر رات کو تقریباً ایک بجے کے قریب سوگیا ، دو سے تین بجے کے درمیان نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر اسے سوتے میں فائرنگ کر کے ہلاک کیا اور فرار ہوگئے ۔

لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔