شازیہ مری عمران خان کے سیاسی رویے پر سیخ پا، خود غرض قرار دے دیا
کراچی : وفاقی وزیرتخفیف غربت و سماجی تحفظ اوربے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن شازیہ مری نے کہا ہے کہ سابق صدرآصف زرداری کی طرف سے 2008ء میں بے نظیربھٹو کے وژن کے تحت شروع کیا گیا بی آئی ایس پی بین الاقوامی پذیرائی حاصل کرچکاہے۔
انہوں نے بدھ کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان خود غرض ہیں جو ملک سے مخلص نہیں اوروہ صرف انتشارپھیلانا چاہتے ہیں۔موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کو پچھلی حکومت کے پیدا کردہ معاشی بحران سے نکالنے کیلئے ملکرکام کریں۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ پروگرام کی سابق چیئر پرسن ثانیہ نشترنے صرف اپنے لیڈرکو خوش کرنے کیلئے 8 لاکھ سے زائد مستحقین کو اپیل کا حق دیئے بغیربی آئی ایس پی سے نکال دیا۔بی آئی ایس پی سے مستفید ہونیوالی خواتین کی آسانی کیلئے مستحقین کو ادائیگی کا نیا طریقہ کاراپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔استفادہ کنندگان کو اب مالی امداد کیلئے طویل قطاروں میں کھڑا ہونا نہیں پڑیگا۔
