لاہور،اسلام آباد:معروف اداکار و کامیڈین ماجد جہانگیر جو گزشتہ روزطویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے ان کی نماز جنازہ اور تدفین کراچی میں کی جائے گی ۔
معروف سینئر اداکار و کامیڈین ماجد جہانگیر ایک ماہ قبل گھر پر بیڈ سے گرگئے تھے جس کے باعث ان کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا تھا۔ماجد جہانگیر کو سانس کا مرض پہلے ہی لاحق تھا جو شدت اختیار کر گیا تھا۔بیٹے فہد جہانگیر کا کہنا ہے کہ والد کی تدفین کراچی میں کی جائے گی۔
ماجد جہانگیر نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز معین اختر کے شو “سات رنگ” سے کیا جو پی ٹی وی پر نشر ہوتا تھا۔ 1979ء میں، انہوں نے پی ٹی وی کے مزاحیہ شو ففٹی ففٹی میں اسماعیل تارا ، زیبا شہناز ، بشریٰ انصاری ، اور اشرف خان کے ساتھ اداکاری کی۔یہ شو ملک بھر میں مقبول اور مشہور ہوا ۔ پھر ماجد امریکہ چلے گئے اور اگلے 23 سال تک وہیں رہے۔پاکستان واپس آنے پر، انہوں نے نجی ٹی وی کے لیے عامر لیاقت حسین کے شوز اور کامیڈی شو میں شرکت کرکے اپنے کیرئیر کا دوبارہ آغاز کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نامور کامیڈین ماجد جہانگیر کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مزاح کے شعبے میں ایک ستارے کی مانند تھے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ففٹی ففٹی جیسے یادگار ڈراموں میں ماجد جہانگیر کی فنکاری تاریخ میں زندہ ہے ، اسماعیل تارا مرحوم اور ماجد جہانگیر نے مزاح کو ایک جہت دی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماجد جہانگیر کے انتقال سے ڈرامہ انڈسٹری میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ شوبز انڈسٹری کیلئے ماجد جہانگیر مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔