سول اسپتال کراچی امراض قلب کے وارڈ کا افتتاح

کراچی:صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ کوروناکانیاویرینٹ چین میں پھیل چکاہے، ابھی وہ پاکستان میں نہیں آیا لیکن ہمیں ابھی سے اس نئے ویرینٹ سے نمٹنے کے لیےاقدامات کرنے چاہئیں، ملکی معاشی صورتحال ایسی نہیں کہ پہلے کی طرح اس کامقابلہ کر سکیں، بہتر ہے کہ احتیاط کی جائے،اس ضمن میں این سی او سی کو خط لکھ دیا ہے، کورونا کی پچھلی لہرمیں اختیارکئے گئے ایس او پیز میں کچھ نئے شامل کرکے ان پرعمل درآمد کرایاجائے۔

یہ باتیں انہوں نے ڈاؤ میڈیکل کالج کی کلاس 97 (ڈاؤ 97 فاؤنڈیشن) کی جانب سے سول اسپتال کراچی میں بنائے گئے بچوں کے امراض قلب کے ایچ ڈی یو وارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہیں۔

افتتاحی تقریب سے ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، ڈاؤ کلاس 97 کےصدرڈاکٹرغضنفر قریشی، ڈاکٹر ناہید مہر، ڈاکٹرعمارہ جمال اورڈاکٹر رتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کی ایم ایس ڈاکٹرروبینہ بشیر نےخطاب کیا۔ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ کووڈ کانیاویرینٹ نہ پھیلے، اس کو حتی المقدور روکنے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ہمارے پاس فائزر ویکسین کی دو لاکھ خوراکیں موجود ہیں، 65 سال سےزائدعمر کے افراد جنہیں ویکسین لگائے 6 ماہ ہو چکے ہیں انہیں فوری طور پر فائزر کا بوسٹر لگایاجائےگااور 65 سال سے کم عمر افراد احتیاط کریں مزید ہم ورلڈ آرگنائزیشنز سے کوشش کرکے نئی ویکسین منگوانےکاانتظام کررہے ہیں۔

ان کا کہناتھاکہ فائزرنے نئی ویکسین بنائی ہے جو نئے ویرینٹ کےخلاف بھی موثر ہے،ملٹی نیشنل کمپنیز قیمتیں نہ بڑھانے پراحتجاج کرتے ہوئے یہاں سے جارہی ہیں، اب ہماری کوشش ہے کہ بات چیت کرکے کچھ قیمتیں بڑھادیں۔