اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کی کاوشوں اور قربانیوں کو سراہا ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو آج بلایا جائے گا۔ اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کے سدباب پرغور ہوگا جب کہ عسکری حکام دہشتگردی اور افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد پر بریفنگ دی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے زیرصدارت جنیوا میں منعقد پاکستان کانفرنس کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے تجاویز اور تفصیلی لائحہ عمل کا مسودہ پیش کیا گیا اور بتایا گیا کہ کانفرنس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
وزیراعظم نے کانفرنس کے لائحہ عمل کو ترجیحی بنیادوں پرحتمی شکل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال سینکڑوں جانیں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب زدگان کی بحالی اورتبدہ شدہ انفرااسٹرکچرکی تعمیر ایک بڑا چیلنج ہے،آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سےنہیں بیٹھوں گا۔
وزیراعظم سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو آئندہ ماہ جنیوا میں ہونے والی ’’کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان ‘‘ کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا ۔وزیراعظم سے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ بھی ملے۔