دشمن کی ہرسازش کو اتحاد سے ناکام بناناہوگا،کامران ٹیسوری

کراچی:گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمیں دشمن کی ہر سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنانا ہوگا اس ضمن میں علما کرام کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعتہ الرشید میں دینی اور عصری تعلیم کا امتراج اسے ایک ممتاز و منفرد درس گاہ بناتا ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ مفتی عبدالرحیم کے سینکڑوں شاگرد پورے پاکستان میں دین کی روشنی پھیلارہے ہیں۔

جامعتہ الرشید کے المنائی ایسوسی ایشن کے بارہویں سالانہ اجتماع سے خطاب کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ جامعتہ الرشید میں دوبارہ مدعو کرنے پرمفتی عبدالرحیم کا مشکور ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ مفتی عبدالرحیم اور جامعہ کی انتظامیہ ہر شعبہ کے احسن انتظام پر مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعتہ الرشید کی المنائی کا قیام بھی خوش آئند ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ الغزالی یونیورسٹی کے چارٹر میں میرے دستخط کا ہونا انتہائی سعاد ت کی بات ہے، الغزالی یونیورسٹی طالب علموں کو اعلی تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرے گی، جبکہ جامعتہ الرشید کے 40 شعبے دینی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز (KIMS) سے بھی بہترین پروفیشنلز سامنے آرہے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جامعتہ الرشید میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال بھی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میر کوشش ہوگی کہ جامعتہ الرشید کے تمام منصوبوں میں مکمل مدد اور تعاون کروں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعتہ الغزالی بھی دیگر جامعات کے لئے اور روشن مثال ثابت ہوگا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جامعتہ الرشید میں پاکستان کے لیے سوچا جاتا ہے، اسی لیے جامعتہ الرشید آکر ذہنی اور قلبی سکون ملتا ہے۔ انہوں نے کہ جامعتہ الرشید کے دورہ سے مجھے اندازہ ہوا کہ جو کام ریاست کو کرنا چاہئے تھا، وہ کام الحمدللہ، جامعتہ الرشید کررہا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جامعتہ الرشید کے سرپرست اعلی مفتی عبدالرحیم ایک ایسی شخصیت ہیں جن سے بار بار ملنے کو دل کرتا ہے، ہمارے بڑوں نے جو خواب دیکھا تھا، اس خواب کو مفتی عبدالرحیم صاحب نے پورا کیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مغرب نے دین اور مذہب کو الگ کرنے کا جو نظریہ دیا تھا، جامعتہ الرشید نے اس کو ختم کیا ہے، آج جامعتہ الرشید میں ایک ہی چھت تلے دینی تعلیم بھی دی جارہی ہے اور عصری تعلیم بھی۔

انہوں نے کہا کہ ہجرت پاکستان کے بعد ہم یہ بھول گئے کہ ہم نے کس عظیم مقصد کے لیے ہجرت کی تھی، بہت سی ایسی خرابیاں ہم میں پیدا ہوچکی ہیں، جنہوں نے ملک کے حالات خراب کردیے ہیں۔

سرپرست اعلیٰ مفتی عبدالرحیم نے اپنے خطاب میں الغزالی یونیورسٹی کے چارٹرکی منظوری میں گورنر سندھ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ نیک عمل ہمیشہ الغزالی یونیورسٹی میں ہمیشہ موجود رہے گا۔

اس موقع پر معروف عالم دین مولانا طارق مسعود، جامعتہ الرشید کے شیخ الحدیث مفتی محمد، اساتذہ کرام اور دیگر بھی موجود تھے۔