کراچی میں حساس اداروں پر حملے میں ملوث قوم پرست جماعت کے چار کارکنان گرفتار
کراچی: انسداد دہشت گردی فورس کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے میرپورخاص میں کارروائی کی جس میں کراچی میں سیکیورٹی اداروں پر حملوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ڈائریکٹر انسپیکٹر جنرل سی ٹی ڈی عمر شاہد نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ میرپور خاص میں کی جانے والی کارروائی میں سیکیورٹی اداروں پر حملے کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق علیحدگی پسند قوم پرست جماعت سے ہے اور یہ تنظیم را کی فنڈنگ پر چل رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ماہ جون، جولائی اور اگست میں اداروں سمیت سچل، کوٹری، لیاقت آباد احساس سینٹر اور گلشن حدید میں ہونے والے حملوں میں ملوث تھے جب کہ گرفتار ملزمان کا تعلق قوم پرست تنظیم ایس آر اے سے ہے۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ ایس آر اے کو بیرونی قوتیں فنڈنگ فراہم کرتی تھیں، ملزمان کے گروپ میں مزید دہشت گرد بھی شامل ہیں جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے، گروپ کے سرغنہ کی گرفتاری کے لیے وفاقی اداروں کے ہمراہ مشترکہ کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کو ممکنہ طور پر علاقائی سیاسی جماعت کی پشت پناہی بھی حاصل تھی۔