عمران فاروق قتل کیس، ایک ماہ کے لیے سماعت ملتوی
اسلام آباد: انسداددہشتگردی کی عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے ایک ماہ کی ایف آئی اے کی جانب سے دی جانے والی درخواست منظور کرلی۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کی سماعت جج شاہ رخ ارجمند نے کی، دوران سماعت تینوں گرفتار ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کو سخت سیکیورٹٰی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیرملکی (برطانوی) گواہان کے بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی،ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ غیرملکی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے کچھ وقت درکار ہے۔ ایف آئی اے وکیل کے کہنے پر جج نے استفسار کیاکہ گواہوں کے وڈیو لنک کے ذریعے بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے کتنا وقت درکار ہے؟ ۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر خواجہ امتیازنے استدعاکی کہ ایک ماہ کا وقت دیا جائے، جج نے کہاکہ ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ اس کے بعد مزید وقت نہیں دیا جائےگا، عدالت نے ایف آئی اے کی مزید مہلت کی استدعا منظور کرلی اورسماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔

