کراچی میں 12ویں عالمی اردو کانفرنس کی تاریخ کا اعلان
شہر قائد میں رواں سال کے آخر میں عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اردو ادب سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔
ہر سال کی طرح امسال بھی عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد آرٹس کونسل میں کیا جائے گا، ترجمان کے مطابق بارہویں اردو کانفرنس 5 دسمبر بروز جمعرات سے اتوار کی رات 12 بجے تین روز تک جاری رہے گی۔
آرٹس کونسل کی انتظامیہ نے کانفرنس کی تاریخ کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی تیاریاں شروع کردیں اور منتظمین سمیت دیگر اسپانسر کمپنیوں سے رابطے شروع کردیے۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر بھارت سے کسی بھی شاعر یا افسانہ نگار کو مدعو نہیں کیا جائے گا جبکہ پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کے تین روز مختلف اوقات میں سینشنز ہوں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا البتہ آنے والے دنوں میں تمام تفصیلات جاری کردی جائیں گی۔
