ساری افواہیں‌ دم توڑ گئیں، عارف علوی نے جنرل باجوہ کی مدت ملازمت کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد: سینئر صحافی اور اینکر پرسن حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری پر دستخط کردیے۔

تفصیلات کے مطابق حامد میر نے اپنے پروگرام میں ایک برس پہلے کا کلپ چلا کر اس بات کی تصدیق کی کہ اب نوٹی فکیشن پر باقاعدہ دستخط ہوگئے، یاد رہے کہ عمران خان نے بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی اور ملک کے اندورنی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے افواہوں کے خاتمے کیلئے وقت سے پہلے ہی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا اعلان کردیا تھا۔ وزیر اعظم نے 19 اگست کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ اگلے تین سال تک بھی جنرل قمر جاوید باجوہ ہی آرمی چیف ہوں گے۔

اعلان کے باوجود یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے باضابطہ طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا۔ ان افواہوں کو اس وقت تقویت ملی تھی جب صدر مملکت عارف علوی نے 12 ستمبر کو عاصمہ شیرازی کو دیے گئے انٹرویو میں یہ کہا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کی کوئی درخواست صدارتی آفس کو نہیں ملی اور جب آئے گی تو میں دستخط کردوں گا۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے زیر گردش افواہوں کے حوالے سے سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔

باجوہ کی مدتِ ملازمت میں‌ تین سال توسیع

انہوں نے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے بہت سی چہ میگوئیاں سنی جارہی ہیں، اس کی وجہ ستمبر کے مہینے میں دیا گیا عارف علوی کا انٹرویو ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جب وزیر اعظم انہیں سمری بھجوائیں گے تو وہ دستخط کردیں گے۔ حامد میر نے واضح کیا کہ صدر مملکت عارف علوی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری پر دستخط کرچکے ہیں، اس سلسلے میں چہ میگوئیاں بے بنیاد ہیں۔