کراچی: گورنر سندھ نے ہڑتال کی کال دینے والے تاجروں سے معافی مانگتے ہوئے اُن کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی جس کے بعد تاجر ایکشن کمیٹی نے ہڑتال کی کال ملتوی کردی۔
گورنر ہاؤس میں تاجر ایکشن کمیٹی کو عمران اسماعیل نے طلب کیا اور اُن کو یقین دہانی کرائی کہ 11 جولائی کو وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کرائیں گے، ٹیکسوں اور گرفتاریوں سمیت تمام تحفظات دور کیے جائیں گے۔
بعد ملاقات گورنر سندھ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملاقات میں تاجرایکشن کمیٹی نے اپنےمطالبات سامنے رکھے، دوران ملاقات چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے بھی رابطہ ہوا اور انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر ایکشن کمیٹی کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھاکہ کسی بھی تاجر کے خلاف ایک ماہ تک کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے یقین دلایا ہےمعاملات مل کر طےہوں گے، حماداظہر اور شبر زیدی سے ملاقات کے بعد معاملات حل کئےجائیں گے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ معاشی بحران سے ملک کو نکالنے کے لیے سب کو ہی ٹیکس ادا کرنا ہوگا، تاجر ایکشن کمیٹی نے ٹیکس وصولی اور آمدن بڑھانے کے حوالے سے تجاویز دی جن پر غور کیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی کال واپس لینے پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ملاقات ہونے تک تاجروں سے ہڑتال کی کال واپس لینے کی درخواست کی۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ تاجروں سے روزانہ کی بنیاد پر رابطے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی جبکہ عمران خان تاجروں اورسرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے اور انہیں اعتماد میں لیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ معاشی حب ہونے کے حوالے سے کراچی کو ماضی میں نظر انداز کیاگیا، اب وقت ہے کراچی کو سینے سے لگایا جائے اور اس کے لیے کوشش کی جائے۔
تاجر ایکشن کمیٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہڑتال مؤخر کردی گئی، تاجر برادری کل اپنی دکانیں معمول کے مطابق کھولیں، چیئرمین ایف بی آرنےیقین دلایا تمام معاملات مل کر حل کریں گے، گورنر اور شبر زیدی کی یقین دہانی پر ہڑتال کی کال واپس لے رہے ہیں، ٹیکس معاملات پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا تھا اگر تجاویز پر عمل کیا گیا اور مذاکرات کامیاب ہوئے تو مستقبل میں سرکار کو باقاعدگی سے ٹیکس بھی ادا کریں گے۔