الطاف حسین کے خلاف ناکامی شواہد، لندن پولیس کی تفتیش مکمل، بانی ایم کیو ایم رہا
لندن پولیس نے بانی ایم کیو ایم کو 24 گھنٹے سے زائد حراست میں رکھنے کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ نے گزشتہ روز بانی ایم کیو ایم کے گھر اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ پر چھاپہ مارکر الطاف حسین کو حراست میں لیا تھا جس کے بعد انہیں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا۔
لندن پولیس نے بانی ایم کیو ایم سے دو گھنٹے تفتیش کی جس میں انہوں نے محض تین سوالات کے جوابات دیے، جبکہ دیگر سوالات کے جوابات دینے کے لیے انہوں نے وکلاء کی معاونت حاصل کی۔ بانی ایم کیو ایم نے پولیس کو صرف اپنے نام، تاریخ پیدائش اور گھر کے پتے کی تصدیق کی جب کہ دورانِ تفتیش الطاف حسین کے وکلاء بھی ان کے ساتھ تھے۔
قبل ازیں لندن پولیس نے بانی ایم کیو ایم کے گھر اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کی تلاشی کا عمل بھی مکمل کیا جہاں سے کچھ اشیاء قبضے میں لی گئی، پولیس نے بانی ایم کیو ایم کو ضمانت پر رہا کردیا۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس کا کہنا ہے کہ فرد جرم عائد کرنے کے لیے الطاف حسین کے خلاف شواہد ناکافی ہیں، اس موقع پر ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی تاہم تحقیقات جاری رہے گی۔ الطاف حسین کو مزید حراست میں رکھنے کی درخواست دی گئی تھی البتہ اُسے مسترد کردیا گیا۔

