عمران خان نے پھر جنرل (ر) باجوہ پر رجیم چینج کا الزام دھر دیا

لاہور : سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ نے مان لیا کہ رجیم چینج انہوں نے کیا تھا،ایک کالم کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے صحافی کو بڑے فخر اور تکبر سے بتایا ہے کہ انہوں نے کن معاشی اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر ہماری حکومت ختم کی تھی۔

وائس آف امریکہ کو انٹرویو میں عمران نے کہا کہ لوگ پہلے ہی جانتے تھے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کس نے گرائی ہے مگر جنرل باجوہ نے مان کر خود ہی وہ پردہ ہٹا دیا اور خود ہی واضح کردیا کہ یہ کام کس کا تھا، اس وقت پی ڈی ایم اور اسٹیبلمشمنٹ ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان سے صدر ضلع گوجرانوالہ بار چوہدری پرویز عابد ہرل نے ساتھیوں سمیت ملاقات کر کے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ، سابق صدر سرگودھا بار رانا ظفر یاسین ،ضمیر حسین شیرازی، ملک شفقت اعوان سمیت دیگر وکلاء نے بھی ملاقات کر کے حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد اور جیل بھرو تحریک میں بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ۔