دیامر،گلگت : دیامر میں بس کھائی میں گرنے سے 25 مسافر جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے جبکہ دیگر حادثات میں کانسٹیبل سمیت2 افراد چل بسے۔
دیامر کے علاقے شتیال کے مقام پر مسافر بس کھائی میں جا گری ،ریسکیوحکام کےمطابق حادثے میں 25افرادجاں بحق ہوگئے۔چلاس پولیس کنٹرول نے 25لاشیں نکالنے کی تصدیق کردی۔
ریسکیوحکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس راولپنڈی سے گلگت جا رہی تھی ،حادثہ بس اورچھوٹی گاڑی میں ٹکرائوکے باعث پیش آیا، آپس میں ٹکرانے کے بعد مسافر بس اور کار دونوں کھائی میں جاگریں ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں،لاشوں اورزخمیوں کوہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق اندھیرے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے پہلے ہی مقامی افرادنے اپنی مددآپ کے تحت لوگوں کوکھائی سے نکالناشروع کردیاتھا۔
آرایچ کیوہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذکردی گئی۔وزیراطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان کے مطابق بس میں 45افرادسوارتھے،حادثے میں متعددافرادزخمی ہیں۔
کامونکے میں تھانہ واہنڈو کی پولیس چوکی گوناعور میں تعینات کانسٹیبل محمد اشرف ڈھولن شمیر کے قریب ناکہ پر کاغذات چیک کررہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار دوسگے بھائیوں کامران اور ثمران کو رکنے کااشارہ کیا لیکن انہوں نے رکنے کی بجائے کانسٹیبل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل اشرف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ موٹر سائیکل سوار کامران گرکر شدید زخمی ہوگیا،واہنڈو پولیس نے تفتیش شروع کردی ۔علاوازیں سیالکوٹ میں کار نے پیدل شخص کو کچل کر مارڈالا۔
بتایا گیا ہےتھانہ صدر پسرور کے علاقہ بن باجوہ میں تیز رفتارکار نے پیدل چلنے والے شخص عمران مسیح کو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا جو کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے کار ڈرائیور عرفان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔