پاک ایران تعلقات تاریخی اورثقافتی ہیں،جام اکرام اللہ

کراچی:صوبائی وزیرجام اکرام اللہ دھاریجو نے کہاہے کہ پاکستان اورایران کے درمیان گہرے تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بھی مزید فروغ دیا جائے۔

یہ بات انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی کا دورہ کرنے کے موقع پر کہی۔

برادر ملک ایران کی جانب سے ایکسپو سینٹر کراچی میں نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری صنعت و تجارت رشید سولنگی بھی صوبائی وزیرکے ہمراہ تھے۔ ایرانی قونصل جنرل نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ صوبائی وزیرجام اکرام اللہ دھاریجو نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا۔

انہوں نے ایرانی اشیا میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے صنعت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ دونوں اسلامی ممالک میں گہرے تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ایرانی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ ایرانی سرمایہ کار سندھ کے اسپیشل اکنامک زونز میں صنعتیں لگائیں۔ حکومت سندھ ان کے سرمائے کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ امید اس قسم کی نمائشوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔