گورنر خیبر پختونخوا کااسمبلی تحلیل سمری پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا نے پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کے بعد صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب کے گورنر کی طرح خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے بھی صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے عمل کا حصہ نہ بننے کافیصلہ کیا ہے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان کی جانب سے آج منگل کو صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے ایڈوائس پرمشتمل سمری گورنر کو ارسال کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق گورنر پختونخوا سمری پر دستخط کیے بغیر48 گھنٹے انتظار کریں گے تاکہ آئین میں درج وقت مکمل ہونے پر صوبائی اسمبلی ازخود تحلیل ہوجائے۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کے قریبی ذرائع کے مطابق اسمبلی تحلیل سے متعلق سمری پردستخط نہ کرکے گورنر اس عمل کا حصہ نہیں بنیں گے اوراسمبلی کے ازخود تحلیل ہونے کاانتظارکیاجائے گا۔

ذرائع نے بتایاکہ گورنر پختونخوا، صوبے میں نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے سلسلے میں اپنا کردار ضرور ادا کریں گے اورجونہی صوبائی اسمبلی تحلیل ہوگی تو وہ وزیر اعلیٰ محمودخان اور اپوزیشن لیڈراکرم خان درانی کو لیٹر ارسال کریں گے جس میں اْن سے کہاجائے گاکہ وہ آئین کے مطابق آپس میں مشاورت کے ذریعے نگران وزیر اعلیٰ کاتقررکریں۔