ملک بھر میں دھند سے نظام زندگی مفلوج ، پروازیں منسوخ ہوگئیں
کراچی، لاہور،اسلام آباد: لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں گہری دھند کا راج رہا، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا،موٹر ویز بند رہے،پروازوں کا شیڈول متاثر، ٹرینیں گھنٹوں لیٹ پہنچیں ، ڈاک کی بروقت ترسل بھی نہ ہو سکی۔ ٹریفک حادثے میں نوجوان مارا گیا۔
لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں شدید دھند چھائی رہی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز موسم سرد اور خشک رہا جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند بھی چھائی رہی،سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم خشک اور سرد رہنے کے ساتھ ساتھ شدید دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ حدنگاہ متاثر ہونے پر کئی مقامات پر موٹرویز بند کردی گئیں۔ترجمان موٹرویز کے مطابق موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر سے کوٹ مومن، ایم تھری فیض پور سے سمندری اور ایم 4 فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ۔ موٹر وے ایم الیون کو بھی لاہور سے سیالکوٹ تک بند کر دیا گیا ،حدنگاہ کم ہونے سے جی ٹی روڈ پرٹریفک روانی متاثرہوئی۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ائیرپورٹ حکام کے مطابق لاہور سے دبئی ، مسقط، دمام، سلالہ، جدہ جانے والی اور لاہور سے کراچی جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
کوالالمپور، دبئی اور کراچی سے لاہور آنے والی 4 پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی پروازیں پی کے 306 اور 307 منسوخ کر دی گئی ہیں۔
شدید دھند کی وجہ سے کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ٹرینیں گزشتہ روز بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں، قراقرم ایکسپریس5 گھنٹے ،ک کراچی ایکسپریس4 گھنٹے40 منٹ ، علامہ اقبال ایکسپریس4 گھنٹے 30منٹ ،ک تیزگام ایکسپریس 4 گھنٹے ، رحمان بابا ایکسپریس 3گھنٹے 40 منٹ ، پاک بزنس ایکسپریس 3 گھنٹے 40منٹ ، پاکستان ایکسپریس 3 گھنٹے 40منٹ ، ملت ایکسپریس 3گھنٹے ، خیبر میل ایکسپریس 1 گھنٹہ30منٹ ، جعفر ایکسپریس1 گھنٹہ 30منٹ اور فریدایکسپریس 1 گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔ دھند کی وجہ سے ڈاک کی ترسیل بھی متا ثر ہوئی ہے۔
