پیپلزپارٹی خواتین کو بااختیار بنانا چاہتی ہے، فریال تالپور

کراچی : پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ پی پی پی نے ہمیشہ ملک میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کی جدوجہد کی ہے۔

یہ بات انہوں نے آرٹس کونسل میں پاکستان بیت المال کی جانب سے منعقد کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کنونشن میں نئے پروگرام OWSP کے تحت یتیم لڑکیوں کے 100 خاندانوں کی مالی معاونت کی گئی۔ فریال تالپور نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے سلسلے میں بے زمین کسان خواتین کو 25 ایکڑ زمین کے مالکانہ حقوق دینے کا اقدام کیا گیا ہے، صرف تعلیم یافتہ، ہنر مند اور معاشی طور پر مستحکم خواتین ہی بااختیار ہو سکتی ہیں، حکومتِ سندھ کی جانب سے خواتین کے لیے ایک اور اقدام پنک ٹیکسی کی شکل میں کراچی میں جلد شروع کیا جا رہا ہے جو بعدازاں صوبے کے دیگر حصوں میں بھی شروع کیا جائے گا۔ اسلام مساوات کی تلقین اور درس دیتا ہے، جو ہماری پارٹی کے آئین میں بھی درج ہے۔ تقریب کے دوران فریال تالپور نے پاکستان بیت المال کی جانب سے بیواؤں میں سلائی مشینیں بھی تقسیم کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے کہا کہ یہ خصوصی پروگرام بیواؤں کے لیے شروع کیا گیا ہے تاکہ ان کی بچیوں کی کفالت کے لیے ہر لڑکی کو 8000 روپے اور دو لڑکیوں کو 12000 روپے وظیفہ دیا جائے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔