بڑی سیاسی ہلچل، گورنر سندھ کی آصف زرداری سے اہم ملاقات
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی وفاقی دارالحکومت میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں اچانک ہونے والی یہ ملاقات ایک گھنٹے سے طویل وقت تک جاری رہی جس کا روایتی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پیپلزپارٹی رہنما ڈاکٹر عاصم حسین بھی موجود تھے۔
گورنر سندھ اور سابق صدر نے اس بیٹھک میں مجموعی سیاسی صورتحال، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ اس ملاقات میں ایم کیو ایم کے تحفظات (قائدین اور کارکنان کی پی پی میں شمولیت) کے حوالے سے گفتگو ہوئی جبکہ دونوں طرف سے جاری بیان بازی روکنے پر بھی غور کیا گیا۔
https://zarayenews.com/40039/
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی وسیم قریشی ، سابق رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی، خواجہ سہیل منصور سمیت دیگر رہنما اور سیکڑوں کارکنان نے حال ہی میں پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے ضلع وسطی میں ہونے والے جلسے میں اسٹیج سے ’نعرہ بھٹو، نعرہ مہاجر‘ بھی لگایا ہے۔
اس ساری پیشرفت کے ساتھ یہ بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد ایم کیو ایم کے دیگر کارکنان اور رہنما بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے اس حوالے سے ڈاکٹر عاصم حسین کو اہم ٹاسک سونپا ہوا ہے جسے وہ پورا کررہے ہیں۔
